چیئرمین میونسپل کمیٹی جوہرآبادنے من مانیوں اور بے ضابطگیوں کی انتہا کردی،کیبن بازار کے نام پر کروڑوں کی خردبرد کی گئی اور غریبوں کے نام پرچہیتوں کو نوازا گیایہ الزامات مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے جنرل کونسلر عبدالمنان خان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ غلہ منڈی میں ہاوسنگ کی جگہ پر کیبن بازار کے نام پر غیر قانونی تجاوازات کی گئی اور محکمہ ہاوسنگ کی جانب سے اس بارے تحریری طور پر نشاندہی کی گئی بلکہ 30جون کو چیئرمین بلدیہ جوہرآباد کے نام جاری کیے گئے لیٹر میں واضح طور پراس کیبن بازار کو غیرقانونی تجاوزات قرار دیتے ہوئے تین دن کے اندر اندر ان تجاوزات کو گرانے کا حکم بھی جاری کیا گیا لیکن چئیرمین بلدیہ ملک اشرف اعوان نے ان احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔عبدالمنان خان نے مزید کہا کہ کیبن بازار کی تعمیر سے لیکر الاٹمنٹ تک کے تمام مراحل میں بے ضابطگیوں ، کرپشن اور اقربا پروری کی نئی تاریخ رقم کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ کیبن کی الاٹمنٹ ریڑھیوں والوں کی بجائے چیرمین کے چہیتے لوگوں کو الاٹ کیے گئے اور اصل حقدار آج بھی در بدر پھر رہے ہیں لیکن دھونس دھاندلی سے مرعوب ہو کر وہ غریب خوف کی وجہ سے خاموش ہیں۔ عبدالمنان خان نے کہا چیئرمین نے اپنے قریبی سفید پوشوں کے رشتہ داروں یا فرضی ناموں پر اچھی لوکیشن کے کیبن الاٹ کیے اور اب یہ کیبن آگے ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے لیکر دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث چئیرمین اور اسکے حواری ہم پر غریب کش ہونے کا الزام لگارہے ہیں لیکن جس منصوبے کی بنیاد ہی غیر قانونی اور کرپشن کی نیت سے ہو وہ غریبوں کی بہتری کا منصوبہ کیسے ہو سکتا ہے۔عبدالمنان خان نے ڈپٹی کمشنر خوشاب سے اپیل کی وہ اس سارے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کریں۔

Comments system

Disqus Shortname