خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع کونسل خوشاب کی معرکہ آرائی میں امیر حیدر سنگھا کے پینل میں وائس چیئرمین کے عہدہ کے اُمیدوار حاجی امیر کلاسی نے کہا ہے کہ اراکین ضلع کونسل کی جانب سے ملنے والی شاندار پذیرائی کے بعد ہمارے پینل کی یقینی کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ انتخابی معرکہ آرائی کے دوران ہمارے انتخابی حریفوں کی تمام غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی۔ وہ جوہرآباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین اور ضلع خوشاب کی عوام ہمارے گروپ پر ہی اعتماد کرتے ہیں اور ہمارے پینل کو ضلع خوشاب کے اراکین اسمبلی کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے۔ ہمارے پینل پر مسلم لیگی اکابرین کے اعتماد کی دلیل یہ ہے کہ اسے ہی سب سے پہلے ضلع کونسل خوشاب کی سربراہی کیلئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔ حاجی امیر کلاسی نے کہا کہ ہمارے پینل کی پاکستان مسلم لیگ ن سے وابستگی اٹل ہے اور ہم مسلم لیگی پالیسیوں کے فروغ اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کا مشن لے کر انتخابی میدان میں اُترے ہیں اور انشاء اﷲ کامیابی حاصل کرنے کے بعد ان اہداف کو پورا کریں گے۔